تشکیل تلنگانہ میں تینوں جماعتوں کا اہم رول، مخدوم بھون میں ڈاکٹر کے نارائنا کا خطاب
حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی سی پی آئی نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے جدوجہد کرنے والی کانگریس پارٹی تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور سی پی آئی تینوں کو ملکر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے۔ کیونکہ ابتداء سے ان تینوں ہی جماعتوں نے علیحدہ ریاست کی تشکیل کے مطالبہ پر اپنی اپنی سطح پر زبردست جدوجہد کی ہے لہذا تینوں جماعتیں متحدہ طور پر مل کر انتخابات میں حصہ لیں گے تو بہت بہتر بات ہوگی اور علیحدہ علیحدہ انتخابی مقابلہ کیا جائے تو دیگر جماعتیں فائدہ اُٹھائیں گی۔ سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں ادارہ جات مقامی انتخابات میں انتخابی مفاہمت کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کے بعد مخدوم بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا سکریٹری ریاستی سی پی آئی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ موجودہ سیاسی حالات کی روشنی میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو اچھوت پارٹی کے طور پر تصور کرنے کیلئے ہم ہرگز تیار نہیں ہیں۔ کیونکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنانے میں کانگریس پارٹی نے ہی نہ صرف زبردست جدوجہد کی بلکہ اہم رول بھی ادا کیا اور ساتھ ہی ساتھ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں لانے کا نہ صرف کانگریس ہائی کمان نے فیصلہ کیا بلکہ صدرنشین یو پی اے مسز سونیا گاندھی نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ مختلف گوشوں یعنی مختلف سیاسی جماعتوں و تنظیموں کی جانب سے سخت مخالفت کی جانے کے باوجود مسز سونیا گاندھی نے ان تمام مخالفتوں کی پرواہ نہ کرکے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کا فیصلہ کرکے ایک انتہائی جرأتمندانہ اقدام کیا۔