کانگریس ، تیسرے محاذ کی تائید کرے گی : سلمان خورشید

فرخ آباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزیر سلمان خورشید نے آج کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکز میں حکومت تشکیل دینا ضروری ہوا تو ان کی پارٹی تیسرے محاذ کی تائید کرے گی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی بی جے پی کے لیے ’ سب سے بڑا مسئلہ ‘ بن کر ابھر رہے ہیں ۔ رام مندر تحریک کا حوالہ دے کر اسے بھگوان کی لہر قرار دیا جارہا ہے اور یہ لہر کانگریس نہیں روک سکتی ۔ سلمان خورشید نے کہا کہ نتائج کے بعد اگر ضروری ہوا تو کانگریس تیسرے محاذ کو حکومت بنانے میں حمایت کرے گی ۔ مودی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے وارانسی میں خود کو ماں گنگا قرار دیا تھا

اور مودی تمام بڑے لوگوں کو خراج پیش کرنے پھول مالائیں پہناتے ہوئے دورہ کررہے ہیں ۔ لیکن وہ مقدس گنگا ندی میں درشن اور پوجن کے لیے نہیں گئے ۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو نے آج دعویٰ کیا کہ مرکز میں تیسرا محاذ ہی حکومت بنائے گا ۔ ان انتخابات میں بی جے پی کانگریس کے اقتدار پر آنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی لیڈر نے کہا کہ یہ غیر متوقع ہے کہ مرکز میں بی جے پی یا کانرگیس حکومت ہوگی ۔ حکومت تشکیل دینے کے لیے دونوں کو خاطر خواہ اکثریت نہیں ملے گی ۔ گجرات ماڈل کے بارے میں مودی کے دعوے بھی جھوٹے ہیں ۔۔