علاقائی اور بائیںبازو جماعتوں کی اکثریت حاصل کرنے کی حکمت عملی : یچوری
حیدرآباد۔5مئی( پی ٹی آئی)بائیں بازو اور علاقائی جماعتیں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنے بل پر اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ کانگریس یا بی جے پی کی تائید کی ضرورت لاحق نہ ہو ۔ سینئر سی پی آئی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو چھوڑ کر دیگر جماعتیں اس قدر نشستیں حاصل کرلیں گی کہ کانگریس یا بی جے پی کو بلیک میل کا کوئی موقع نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کانگریس یا بی جے پی کے بغیر اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سیتارام یچوری نے کہا کہ ماضی میں علاقائی جماعتوں کے استحکام ‘ مخلوط اتحاد جیسے یونائٹیڈ فرنٹ اور وی پی سنگھ کی زیرقیادت حکومت کے تجربات یہ بتاتے ہیں کہ وہ حکومتیں کانگریس یا پھر بی جے پی پر منحصر تھیں۔جب بھی ان جماعتوں نے تائید واپس لی حکومت زوال سے دوچار ہوگئی۔جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا ایسا کوئی فرنٹ مرکز میں مستحکم حکومت یقینی بنائے گا تو انہوں نے کہا کہ ہم اس کیلئے کوشش کررہے ہیں ۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ غیر کانگریسی‘ غیر بی جے پی سیاسی اتحاد قائم کیا جائے اور اس کا مقصد متبادل پالیسیوں پر عمل آوری ہونا چاہیئے ۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ بنیادی طور پر اختلافات کی حامل جماعتوں جیسے ایس پی۔ بی ایس پی‘ سی پی آئی ایم ۔ ٹی ایم سی یا ڈی ایم کے۔ انا ڈی ایم کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوسکیں گی ؟ یچوری نے کہا کہ اسی لئے وہ کہہ رہے ہیں کہ تمام مسائل پر انتخابات کے بعد تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یو پی اے ‘ این ڈی اے اور یونائٹیڈ فرنٹ محاذماضی میں قائم ہوچکاہے وہ سمجھتے ہیں کہ 2014ء انتخابات بھی اسی طرز کے ہوں گے اور ایک نیا مخلوط اتحاد قائم ہوگا۔جب اُن سے پوچھا گیا کہ بی جے پی کو اقتدار سے روکنے کیلئے کیا وہ کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملاسکتے ہیں ‘یچوری نے کہا کہ اُن کے خیال میں ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی ۔ جب اُن سے سوال کیا گیا کہ نیا فرنٹ مکمل اکثریت حاصل کرے گا تو انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل پر انتخابات کے بعد غورخوض ہوگا اور اس کا انحصار نتائج پر ہوگا۔