ہماری تائید جے ڈی ایس کے ساتھ، ٹی آر ایس کی وضاحت، کانگریس ارکان کو سیکورٹی کی فراہمی
حیدرآباد۔/18 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں جنتا دل سیکولر کے کانگریس سے اتحاد سے کے سی آر کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر جو ملک میں بی جے پی اور کانگریس کے خلاف تیسرے محاذ کی تیاری میں مصروف ہیں انہوں نے حال ہی میں بنگلور پہنچ کر جنتا دل سیکولر کے قائدین دیوے گوڑا اور کمارا سوامی سے ملاقات کی تھی۔ ان قائدین نے تیسرے محاذ کے قیام کی تائید کی تھی تاہم کرناٹک کے انتخابی نتائج کے بعد جنتا دل سیکولر کیلئے کانگریس سے اتحاد مجبوری بن گیا۔ کانگریس نے کمارا سوامی کو چیف منسٹر کے عہدہ کی پیشکش کی ہے جس کے بعد مخلوط حکومت کی تیاریاں تیز ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کمارا سوامی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے جمہوریت کے تحفظ کی مہم میں تائید کی اپیل کی۔ بی جے پی نے جس طرح اکثریت کے بغیر حکومت تشکیل دی ہے ایسے میں اپوزیشن میں انحراف کی کوششوں کا اندیشہ ہے۔ ایسے میں کمارا سوامی نے پارٹی ارکان اسمبلی کو کسی موزوں مقام پر لے جانے کا فیصلہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کی پیشکش پر کمارا سوامی نے اپنے ارکان کو حیدرآباد منتقل کردیا۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی نے بھی اپنے ارکان کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے ایک عالیشان ہوٹل میں قیام کا انتظام کیا ہے۔ حیدرآباد کو محفوظ سیاسی پناہ گاہ کے طور پر دونوں پارٹیوں کی جانب سے استعمال کئے جانے سے کے سی آر اُلجھن کا شکار ہیں۔ حکومت کو کانگریس ارکان کے تحفظ اور سیکورٹی کے انتظامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ ایسے میں نہ چاہتے ہوئے بھی کے سی آر حکومت کی جانب سے کانگریس ارکان کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنا پڑا۔ کے سی آر جو جنتا دل سیکولر کے ساتھ ہیں انہوں نے ابھی تک کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ٹی آر ایس کے قائدین کا کہنا ہے کہ کے سی آر کی تائید صرف جنتادل سیکولر کے ساتھ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر کمارا سوامی کانگریس پارٹی کی تائید سے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوجاتے ہیں تو یقینی طور پر کانگریس اقتدار میں شریک ہوجائیگی۔ ان حالات میں کے سی آر کا تیسرا محاذ کانگریس کے بغیر کس طرح تشکیل پائے گا اہم سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کی تشکیل میں مصروف کمارا سوامی نے بھی ابھی تک تیسرے محاذ پر تبصرہ نہیں کیا کیونکہ اب وہ بھی اس موقف میں نہیں کہ کانگریس کے بغیر محاذ کی بات کریں۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا کانگریس سے مقابلہ ہے ایسے میں جنتا دل سیکولر کی کانگریس سے دوستی کے سی آر کیلئے ایک حلیف سے محرومی کا باعث بنی ہے۔