کانپور میں 7 تا 8 گھنٹے برقی کٹوتی ایم پی جوشی نے میٹنگ طلب کرلی

کانپور ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایسے حالات میں جبکہ اس شہر میں درجہ حرارت 45 ڈگری کے نشان کو چھورہا ہے، کانپور کے مسائل بار بار برقی کٹوتیوں سے کئی گنا بڑھ گئے ہیں جبکہ زائد از دو درجن ٹرانسفارمرز غیرکارکرد پڑے ہیں۔ گزشتہ چند یوم میں برقی طلب میں اضافہ نے ٹرانسفارمرز کو ناکام کردیا، محکمہ برقی نے یہ بات بتائی ہے۔ محکمہ صبح و شام دو، دو گھنٹے برقی کٹوتی کررہا ہے جبکہ بعض علاقوں سے مزید تین تا چار مرتبہ کٹوتیوں کی شکایات ملی ہیں۔ صدر کانپور بی جے پی سریندر میتھانی نے کہا کہ کانپور کے ایم پی مرلی منوہر جوشی محکمہ برقی کے عہدیداروں ، شہر کے ایم ایل ایز اور ضلع نظم و نسق کی میٹنگ 12 جون کو طلب کرتے ہوئے اس مسئلے کی یکسوئی کریں گے۔محکمہ موسمیات کی جاریہ سال موسم برسات میں معمول سے کم بارش کی پیش قیاسی کی وجہ سے برقی سربراہی کی صورتحال اور بھی سنگین ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ جاریہ سال معمول کی بارش کی بہ نسبت صرف 81 فیصد بارش ہوگی۔ گزشتہ سال محکمہ موسمیات نے معمول کی بارش کی پیش قیاسی کی تھی لیکن اُس سال بھی کم بارش ہوئی۔اترپردیش میں برقی سربراہی کی صورتحال پہلے ہی کافی تشویشناک ہے یہاں تک کہ قومی دارالحکومت دہلی میں بھی بار بار برقی سربراہی کا سلسلہ منقطع ہوتا رہتا ہے۔