کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ

ملازمین یونینوں کی جدوجہد کی بھرپور تائید ، صدر اے پی این جی اوز اشوک بابو کا بیان
حیدرآباد /29اگست ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو فی الفور باقاعدہ بنانے اور سرکاری ملازمین کیلئے روبہ عمل لائے جانے والے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو فی الفور منسوخ کرنے کے مطالبہ پر مختلف ملازمین یونینوں کی جانب سے جاری جدوجہد کی مکمل تائید و حمایت کرنے کا صدر آندھراپردیش این جی اوز اسوسی ایشن مسٹر اشوک بابو نے اعلان کیا ۔ چلکاپوری پیٹ میں 15 لاکھ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کردہ این جی اوز اسوسی ایشن بھون کی تقریب سنگ بنیاد میں وزیر مسٹر پی پلاراؤ کے ہمراہ شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوسکے جلد سے جلد مختلف یونینوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنی اپنی تجاویز صدرنشین پے ریویژن کمیشن کو پیش کردینے کی صورت میں فوری طور پر عبوری راحت یا نئے پے ریویژن پنشن اور کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مطالبہ پر آل انڈیا ائمپلائیز اسوسی ایشن کے زیر اہتمام 5 ستمبر کو چلو دہلی پروگرام 23 اکٹوبر کو چلو راج بھون 15 نومبر کو ملک گیر سطح پر ہڑتال منظم کرنے کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے ۔ یکم ستمبر کو ریاست آندھراپردیش فیاپٹو کی زیر قیادت تمام ڈسٹرکٹ کلکٹریٹس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ اس کلکٹر دفاتر کے محاصرہ پروگرام کیلئے بھی اے پی این جی اوز اسوسی ایشن نے اپنی بھرپور تائید کا اعلان کیا ہے ۔