کانس فیسٹول میں ایشوریا تاخیر سے شرکت کریں گی

ممبئی۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ اسٹار ایشوریا رائے بچن جو کانس فیسٹول میں شرکت کرتے ہوئے سرخ قالین سے گزرنے والی تھیں لیکن فرانس میں ایئر ٹریفک کنٹرول اسٹاف کی ہڑتال کی وجہ سے وہ وقت پر نہیں پہنچ سکیں۔ 40 سالہ اداکارہ جو ایک بیٹی کی ماں بھی ہیں، اب کسی متبادل روز سرخ قالین سے گزریں گی کیونکہ لندن سے نائس آنے والی ان کی فلائیٹ تاخیر کا شکار ہوگئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ایشوریا رائے کانس فیسٹول میں بلا ناغہ شرکت کرتی ہیں چونکہ وہ کاسمیٹک کمپنی لورئیل پیرس کی برانڈ ایمبسیڈر ہیں لہذا انہیں گزشتہ 13سال سے کانس فلم فیسٹول میں شرکت کا موقع ملتا رہا ہے۔ کاسمیٹک کمپنی اب کسی متبادل روزایشوریا رائے بچن کے سرخ قالین سے گزرنے کے انتظامات کررہی ہے۔

سابق ٹیلی کام منسٹر اے راجہ کو شکست
نیلگریز( تملناڈو)۔/16مئی، (سیاست ڈاٹ کام ) ڈی ایم کے لیڈر اے راجہ جو 2G اسکام کے کلیدی ملزم ہیں، آج اس محفوظ حلقہ سے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں ناکام ہوگئے اور حکمراں جماعت اے آئی اے ڈی ایم کے امیدوار کو زبردست کامیابی ملی۔ سابق ٹیلی کام منسٹر کو اپنی کامیابی کا پورا یقین تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ2G اسکام ان کے حلقہ کے رائے دہندوں کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اے آئی اے ڈی ایم کے امیدوار گوپال کرشنن نے انھیں 1,04,090 ووٹس سے شکست دی۔