نئی دہلی ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دہلی پولیس کے ایک کانسٹبل کے وجے وہار علاقہ میں ہوئے قتل میں ملوث چار مشتبہ سارقین بشمول دو نابالغ لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ایک پستول بھی برآمد کیا ہے جو ملزمین نے فرار ہونے سے قبل مقتول کانسٹبل سے چھین لی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق چاروں ملزمین دراصل ایک بڑی ڈکیتی کا منصوبہ بنا رہے تھے کہ انہیں گشت کرنے والے کچھ کانسٹبلس نے روک لیا اور انہیں قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کررہے تھے کہ ملزمین نے کانسٹبل جگبیر سنگھ پر فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جب کہ دیگر کانسٹبل نریندر شدید طور پر زخمی ہوگیا ۔ یہ واقعہ کل رات 1-30 بجے وجے وہار پولیس اسٹیشن سے کچھ ہی فاصلے پر رونما ہوا ۔ مقتول کانسٹبل جگبیر سنگھ نے 15 سال تک ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد 2008 میں دہلی پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔۔