۔30 جون ادخال درخواست کی آخری تاریخ ، حصول روزگار کے لیے امیدواروں کی دلچسپی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری رکھنے والے طلبہ ایس آئی جائیدادوں کے لیے درخواست داخل کرنے کے اہل ہونے کے باوجود پولیس کانسٹبل کی جائیدادوں کے لیے اپنی دلچسپی دیکھا رہے ہیں ۔ تاحال 1.75 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 1.2 لاکھ درخواستیں کانسٹبلس جائیدادوں کے لیے داخل کی گئی ہیں ۔ ایس آئی جائیدادوں کے لیے اندرون 50 ہزار درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ محکمہ پولیس میں سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کے 18,428 جائیدادوں پر تقررات کے لیے 9 جون سے آن لائن میں درخواستیں وصول کی جارہی ہیں تاحال مختلف شعبوں میں 1.75 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ اس میں پولیس کانسٹبلس جائیدادوں کے لیے 1.2 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ سب انسپکٹر کی جائیدادوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے والوں کی تعداد 50 ہزار سے کم ہے ۔ ابھی تک درخواستوں کا جائزہ لیا جائے تو تعلیم یافتہ نوجوان ایس آئی کی جائیدادوں سے زیادہ پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر زیادہ دلچسپی دیکھا رہے ہیں ۔ کانسٹبلس کی جائیدادوں کے لیے تعلیمی قابلیت دسویں اور انٹر میڈیٹ کامیاب رکھی گئی ہے ۔ تاہم ان جائیدادوں کے لیے ابھی تک جو درخواستیں وصول ہوئی ہیں ان میں ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری کے علاوہ اس سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے شامل ہیں جب کہ سب انسپکٹر کی جائیدادوں کے لیے یہ ردعمل نہیں دیکھا گیا ہے ۔ حقیقت میں ایس آئی کا عہدہ بڑا ہوتا ہے ۔ تنخواہ بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ باوجود اس کے تعلیم یافتہ نوجوان اس پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ پولیس ریکرومنٹ بورڈ کے صدر نشین وی وی سرینواس نے بتایا کہ پولیس کے ان جائیدادوں پر 30 جون کی رات 12 بجے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ تنخواہوں کے علاوہ ملازم اور ان کے ارکان خاندان کو طبی سہولتیں رہیں گی ۔ گھر ، شادی اور بچوں کی تعلیم کے لیے قرض کی سہولت رہے گی ۔ درپیش مسائل سے متعلق شعبہ جات میں کام کرنے والے ملازمین کو 50 تا 60 فیصد رسک الاونس فراہم کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دوسری اور بھی سہولتیں حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔ مناسب تنخواہ ، جاب سیکوریٹی اور سہولتوں کا جائزہ لینے کے بعد خانگی شعبوں میں کام کرنے والے تعلیم یافتہ نوجوان پولیس ملازمت کے لیے اپنی دلچسپی دیکھا رہے ہیں ۔۔