کامیابی کے لیے محنت و ڈسپلن کا مظاہرہ ضروری

اردو یونیورسٹی میں ایک روزہ قومی کانفرنس سے انڈسٹری ماہرین کا خطاب
حیدرآباد 23 ؍فروری (پریس نوٹ) تعلیمی اداروں اور اساتذہ کو نظریاتی تعلیم کے ساتھ طلبہ میں عملی مہارت فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس بات کا اظہار ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسز (ٹی سی ایس) کے نائب صدر جناب کرشنا کشور نے کیا۔ وہ آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ ایک روزہ قومی کانفرنس میں کلیدی خطبہ دے رہے تھے۔ اردو یونیورسٹی کے تربیت و تعیناتی سیل کے زیر اہتمام ’’صنعت- ادارہ رابط ، نوجوانوں کی رہبری، اختراع اور روزگاریت‘‘ کے موضوع پر اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ کرشنا کشور نے طلبہ برادری سے اپیل کی کہ وہ جامعات سے اعلیٰ نشانات کے ساتھ ضرور اسنادات حاصل کریں مگر اپنی کامیابی کو عملی زندگی میں یقینی بنانے کے لیے عملی مثالوں اور عملی چیلنجس کے لیے جوابات تلاش کریں۔ ان کے مطابق انڈسٹری سے روابط استوار کرنے میں صرف تعلیمی اداروں کا ہی مفاد پوشیدہ نہیں ہے بلکہ انڈسٹری بھی تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا پسند کرتی ہے۔ تاکہ تعلیمی اداروں کو پتہ رہے کہ انڈسٹری میں کس طرح کی صلاحیتوں کی طلب ہے۔ عملی طور پر طلبہ کی کامیابی کے لیے کرشنا کشور نے مشورہ دیا کہ طلبہ اس بات کو بخوبی سمجھ لیں کہ کامیابی کبھی بھی اتفاقی نہیں رہتی ہے اور کامیابی کے حصول کے لیے محنت اور ڈسپلن کا اعلیٰ ترین مظاہرہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم کو صرف مضمون کی ہی معلومات نہیں بلکہ عام معلومات بھی رکھنی چاہئے۔ جناب سید حامد قادری کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ پہلے تکنیکی اجلاس میں جناب سہیل رزاق، ایم ڈی، گونڈور فوڈس؛ جناب کریم عرفان، سی ای او کرینس سافٹ ویئر؛ جناب سچن چودھری، اسوسیئٹ ڈائرکٹر- ایل اینڈ ڈی، کاگنزنٹ نے خطاب کیا۔ جناب رنگاناتھن سوری راجن،سربراہ‘ ایگزیکیٹیو ایجوکیشن‘ آئی آئی ایم ‘ احمدآباد نے مخاطب کیا جبکہ دوسرے اجلاس میں جناب وشواس متیالہ، ڈائرکٹر، ڈاکٹر ریڈیز لیب؛ جناب سنیل کنتیٹا ،ڈائرکٹر ، اوریکل سافٹ ویئر؛ جناب دیو چندر شیکھر،ایم ڈی، یوبیکس تھے۔ جناب سنجے اروڑہ، سابق سی ای او،گراز بیکرٹ نے صدارتی خطاب کیا ۔ پروفیسر ایم اے عظیم، ڈین اسکول آف کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ شریک صدر تھے۔ اختتامی اجلاس کی صدارت ‘ پروفیسر رویندر ناتھ، ڈین تعلیمات ، مانو نے کی۔جناب سدھیر گندوترا، سی ای او، اوپن ایل ایکس ڈاٹ کام اور جناب رانا پرتاپ بوجم، گلوبل وائس پریسڈنٹ، تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسئیشن شامل رہے۔