کامیابی کے ساتھ ذمہ داریوں میں اضافہ : جگن موہن ریڈی

حیدرآباد۔ 23 مئی (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش انتخابات میں ان کی پارٹی کو شاندار اکثریت کے ساتھ کامیابی ملی ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد شام میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس کامیابی کے ذریعہ ان کی پارٹی نے ریاست میں نئی تاریخ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان کی مہربانی اور عوام کے خلوص و محبت اور آشیرواد سے وائی ایس آر کانگریس کو یہ کامیابی حاصل ہوسکی اور اب ان کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کے عوام نے مجھ پر بھروسہ کرکے ووٹ دیا ہے۔ جگن نے کہا کہ اندرون 6 ماہ تا ایک سال وہ ایک اچھے چیف منسٹر بن کر دکھائیں گے۔ ریاست کے 5 کروڑ افراد میں ایک کو ہی حاصل ہونے والا زرین موقع ریاست کے عوام نے انہیں فراہم کیا ہے لہذا وہ بہتر حکمرانی کس طرح کی جاتی ہے، وہ بتائیں گے۔ ریاست کی تاریخ میں ایسی شاندار کامیابی کبھی درج نہیں ہوئی اور آج انہیں یہ کامیابی ملی ہے جو ان کیلئے خوش قسمتی ہے۔ جگن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں ان کے والد سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی زیرقیادت حکومت کو ریاست کے عوام دیکھ چکے ہیں اور سال 2009ء میں عوام نے دوبارہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کو منتخب کیا تھا اور اس طرح وہ بھی (جگن) اسی تاریخ کو دہرائیں گے اور ملک کو فخر کرنے جیسی حکومت آندھرا پردیش میں فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی یہ جاننا چاہتا ہے کہ وہ کس فائیل پر پہلی دستخط کریں گے، اس سلسلے میں کہا کہ وہ عوام کو جو بھروسہ اور تیقنات دیئے ہیں، اس کے مطابق ہی اقدامات کریں گے۔ جگن نے کہا کہ وہ 30 مئی کو وجئے واڑہ میں ہی بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش حلف لیں گے۔