حیدرآباد۔یکم ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی ( آئی ٹی) کاعالمی مرکز بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے تو دوسری طرف اب شہر میں پہلے سے موجود کئی آئی ٹی ادارے بالخصوص اہم کمپنیوں کے کال سنٹرس تیزی کے ساتھ غائب ہورہے ہیں ۔ آئی ٹی شعبہ کے ماہرین کے مطابق حیدرآباد میں واقع کئی بزنس پراسیس آڈٹ سورسنگ ( بی پی او) اور میڈیکل ٹرانسکرپشن یونٹس اب تیزی کے ساتھ حیدرآباد چھوڑ رہے ہیں ۔ ایسے اکثر ادارے فلپائن ‘ بنگلہ دیش اور سری لنکا کا رُخ کررہے ہیں ۔ اکثر ہمہ قومی اداروں ‘ بی پی اوز کیلئے فلپائن اب پسندیدہ ملک بن گیا ہے جہاں حکومت نے نوقائم شدہ بیرونی آئی ٹی اداروں کو چھ ماہ کیلئے ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر کئی رعایتیں دینے کا اعلان کی ہے ۔ علاوہ ازیں فلپائن شہریوں کا انگریزی لب و لہجہ امریکی لب و لہجہ سے مماثلت رکھتا ہے ۔