کالے دھن کیخلاف حکومت کی بڑے پیمانے پر کارروائی

۔2.09 لاکھ سے زائد کمپنیوں کا نام رجسٹر سے حذف ، بینک اکاؤنٹس منجمد
نئی دہلی۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کالا دھن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے آج 2.09 لاکھ سے زائد کمپنیوں کے بینکوں اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت دی جن کے نام ریکارڈ سے حذف کردیئے جارہے ہیں۔ حکومت نے کہا کہ مزید کئی کمپنیوں کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ ایسی کمپنیوں پر خاص نظر رکھیں جو مختلف قواعد کی تعمیل نہیں کررہی ہے اور جو طویل عرصہ تک تجارتی سرگرمیاں انجام نہیں دے رہی ہیں۔ وزارت فینانس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ فرضی کمپنیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ان غیررجسٹرڈ کمپنیوں کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے غلطی کا ارتکاب کرنے والی کمپنیوں کو خبردار کیا اور کہا کہ ان کوششوں کے نتیجہ میں کارپوریٹ حکمرانی کا معیار بہتر ہوگا اور موجودہ نظام کو شفاف بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2.09 لاکھ سے زائد فرمس کا نام کمپنیز کے رجسٹر سے حذف کیا جارہا ہے کیونکہ وہ ریگولیٹری ہدایات کی تعمیل کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں کا نام حذف کیا گیا ان کے موجودہ ڈائریکٹرس اور مجاز کردہ عہدیدار اب سابق ڈائریکٹر یا سابق مجاز عہدیدار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمپنی کے موقف میں تبدیلی اور تمام ریکارڈس کو شفاف بنانے پر ان کی بحالی کا انحصار ہوگا۔