کالے دھن مسئلہ پر ہندوستان کے موقف کو جی 20 کی تائید

ٹیکس معلومات کی فراہمی کو شفاف بنانے کی ضرورت ‘ ہند۔ امریکہ معاہدہ کا خیرمقدم‘ عالمی تجارتی تنظیم مذاکرات کیلئے معاون
برسبین۔16نومبر( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کیلئے ایک بہت بڑی کامیابی میں جی 20چوٹی کانفرنس نے آج کالے دھن کا پتہ چلانے اس کے موقف کی پُرزور حمایت کی ہے ۔ کانفرنس کا کہنا ہے کہ ٹیکس معلومات کی شفافیت اور انکشاف کیلئے ضروری ہے کہ ہم ہندوستان کی مدد کریں ۔ کانفرنس نے وزیراعظم نریندر مودی کی اس خواہش کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کالے دھن کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے خود کار معلومات کے تبادلوں کیلئے ایک نیا عالمی معیار وضع کرنے پر زور دیا تھا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ریلوے سریش پربھو اور وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ شفافیت کا حوالہ خاص کر دیا گیا ہے کیونکہ کانفرنس کے مسودہ اعلامیہ میں اس کو شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ کالے دھن کے مسئلہ پر وزیراعظم مودی کی مداخلت کے بعد کئی ملکوں خاص کر برازیل اور جنوبی افریقہ نے کہا کہ قطعی اعلامیہ میں لفظ شفافیت کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔

ٹیکس کی چوری کرنے والوں کا پتہ چلانے میں تمام ملکوں کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیئے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جی 20 ملکوں کی جانب سے ایسی کارروائیاں کی جائیں گی جن کی مدد سے بین الاقوامی ٹیکس سسٹم کو شفاف بنایا جائے گا اور ان ملکوں کو بچالیا جائے گا ۔ مالیاتی بنیادوں پر یا نفع کی بنیاد پر ٹیکس کا حصول ضروری ہے ۔ جی 20نے ایسے اعلامیہکے ذریعہ ایک مضبوط پیام دینے کی کوشش کی ہے کہ ٹیکس دہندگان کو خصوصی رولنگ دی جائے ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے مزید کہا کہ ہندوستان کی تشویش روزگار کے بغیر ترقی سے تعلق ہے کیونکہ جو بھی ترقی و خوشحالی لانے کی کوشش کی جارہی ہے اس سے روزگار پیدا نہ ہو تو کوئی فائدہ نہیں ‘ ساری دنیا کی بڑی معیشتوں کو روزگار کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کے مواقع تلاش کرنے ہوں گے ۔ ہماری کوشش سرمایہ کاری میں اضافہ کی جانب ہونی چاہیئے ‘ تجارت اور مسابقت کو معیاری روزگار فراہم کرنے کی بنیاد پر شروع کیا جائے ۔ چوٹی کانفرنس کے آغاز سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے احساس ظاہر کیا تھا کہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے نہ صرف روزگار پیدا کئے جائیں بلکہ مالیاتی مارکٹوں کی صحت کا بھی خیال رکھا جائے ۔ روزگار پیدا کرنے والے معاشی اقدامات کرنا لازمی ہے ۔

آج کی پریس کانفرنس میں سریش پربھو نے کہا کہ ترقیاتی مسائل جیسے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی گئی ہے ۔ جی 20 پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حکومت ہند کی تشویش کو دور کرنے کے اقدامات کرے ۔ اس دوران جی 20نے غذا کے ذخیرہ مسئلہ پر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے ۔ جی 20ملکوں کے قائدین نے آج توقع ظاہر کی کہ ہند امریکی تعلقات میں پیشرفت سے عالمی تجارتی تنظیم کو مذاکرات کا موقع ملے گا اور تجارتی معاہدہ کی عمل آوری کی سہولت ہوگی۔ ترقی اور روزگار کیلئے یہ ضروری ہے ‘ اس لئے ہم امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں ہونے والی پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔