کالے دھن سے متعلق بل کو لوک سبھا کی منظوری

نئی دہلی 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں آج ایک سخت گیر قانون کو منظوری دیدی گئی جس کے نتیجہ میں بیرونی ملکوں میں غیر معلنہ اثاثہ جات یا آمدنی رکھنے پر ٹیکس کا 120 فیصد تک جرمانہ اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔ اس قانون پر عمل آوری کے آغاز سے قبل ایک محدود مدت تک یہ گنجائش بھی فراہم کی گئی ہے کہ لوگ اپنی اب تک کی غیر معلنہ بیرونی آمدنی و اثاثہ جات کا اعلان کریں ۔ 30 فیصد ٹیکس اور اتنا ہی جرمانہ ادا کریںا ور قانونی کارروائی سے بچیں۔ اس بل کو لوک سبھا میں ندائی ووٹ سے منظوری دیدی گئی جبکہ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ اس قانون کے تحت بے قصور افراد کو ہراساں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ارادہ معمولی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرنا نہیں ہے بلکہ بھاری اثاثہ جات رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد بیرونی ممالک میں آمدنی یا اثاثہ جات رکھتے ہیں ان کیلئے ان کے اعلان اور ٹیکس و جرمانہ کی ادائیگی کیلئے کچھ مہلت دی جا رہی ہے ۔ مہلت کے بعد کس کے اثاثہ جات کا پتہ چلے گا انکے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ ( ابتدائی خبر صفحہ 3 پر )