کالیشورم پراجیکٹ کیلئے کے سی آر کو الہ دین کا چراغ درکار

تخمینہ کے بغیر دیڑھ لاکھ کروڑ کے پراجیکٹس دنیا کا آٹھواں عجوبہ : محمد علیشبیر
حیدرآباد۔ 28 اگست (این ایس ایس) کانگریس کے سینئر لیڈر اور تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے آج وزیر آبپاشی تھنوری ہریش راؤ کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں (ہریش راؤ) نے اعتراف کیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت کے پاس کالیشورم پراجیکٹ پر تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) نہیں ہے۔ 16 سال قبل تلگو دیشم حکومت کے دوران برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر بشیر باغ میں پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد محمد علی شبیر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر آبپاشی نے بالآخر یہ اعتراف کرلیا ہے کہ ان کی حکومت حتی کہ ایک ڈی پی آر تیار کئے بغیر ہی 83,000 کروڑ روپئے کے مصارف سے کالیشورم پراحیکٹ تعمیر کررہی ہے۔ شبیر نے مزید کہا کہ کوئی حکومت جب ایک چھوٹی سڑک یا حتی کہ کوئی کمرہ بھی تعمیر کرتی ہے تو اس کا تخمینہ تیار کیا جاتا ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت نے1,50,000 کروڑ روپئے کے کاموں کیلئے کسی ڈی پی آر کے بغیر ہی ٹنڈرس جاری کردی ہے جو آئندہ دو تین سال میں کالیشورم اور دیگر پراجیکٹوں کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو یقینا الہ دین کا چراغ درکار ہوگا۔ شبیر نے میڈیا کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ہریش راؤ کی طرف سے بیان کردہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے منصوبہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کسی جوڑے کی شادی سے قبل ہی اس (جوڑے) کو بیٹا یا بیٹی پیدا ہونے کے امکانات پر بحث کررہے ہیں۔