کالیشورم پراجکٹ کے کام کا انجنیئرس نے لیا جائزہ

ایلم پلی ذخیرہ آب کو پانی کی اجرائی، 7 طاقتور پمپس کی تنصیب
حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کے کام میں شدت پیدا ہوچکی ہے اور پیکیج 6 کے اپروچ چیانل کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے ۔ ایک کیلو میٹر طویل اپروچ چیانل کا پیکیج 6 کے ٹوئین ٹنلس کے کاموں کا آج محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اپروچ چیانلس سے ایلم پلی ذخیرہ آب کیلئے پانی چھوڑا گیا ہے اور یہ پانی پیکیج 6 کے ذریعہ 9.34 کیلو میٹر ٹوئین ٹنلس کے ذریعہ پہنچے گا۔ پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں استعمال کئے جارہے پمپس کا تجربہ جاری ہے اور ہر پمپ کو 20 تا 30 منٹ کیلئے چلاکر روک دیا جائے گا ۔ اس عمل کے ذریعہ 0.20 ٹی ایم سی پانی چھوڑا جاسکتا ہے ۔ ایلم پلی ذخیرہ آب میں 8.6 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔ پمپ کے ذریعہ چھوڑا گیا پانی نندی میڈارم ذخیرہ آب پہنچے گا۔ 126 میگاواٹ کی صلاحیت والے ہر پمپ میں 3,200 کیوزس پانی کے اخراج کی گنجائش موجود ہے۔ پیکیج 6 میں جملہ 7 پمپس ہیں، ان میں چار پمپس تیار ہیں جبکہ تین مئی کے اختتام تک تیار ہوجائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 23 یا 24 اپریل کو پمپ کے کاموں کے تجربات کا آغاز ہوگا۔ ٹوئین ٹنلس میں اپروچ چیانل کے ذریعہ پانی کا بہاؤ جاری ہے۔ پراجکٹ کے معائنہ کرنے والوں میں منوہر او ایس ڈی ، سدھاکر ریڈی ، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر ، این سریدھر اگزیکیٹیو انجنیئر ، وینکٹیشورلو انجنیئر ان چیف کالیشورم ، کے پینٹا ریڈی اڈوائیزر اور سریدھر راؤ دیشپانڈے او ایس ڈی اریگیشن برائے چیف منسٹر شامل ہیں۔