کریمنگر 28 جون ( پی ٹی آئی ) ریاست کے اہم ترین کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم پراجیکٹ کا کام تیزی سے جاری ہے اور پہلا مرحلہ امکان ہے کہ آئندہ دو ماہ میں مکمل ہوجائیگا ۔ یہ پراجیکٹ 80,000 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے یہ بات بتائی ۔ یہ پراجیکٹ اس کی انجینئرنگ اور پیمانے کے اعتبار سے ایک مثالی اور بڑا پراجیکٹ ہے ۔ دریائے گوداوری پر تعمیر کیا جانے والے اس پراجیکٹ کا مقصد 27 لاکھ ایکڑ اراضیات کو سیراب کرنا ہے جس میں تقریبا دو تہائی ریاست کا احاطہ کیا جائیگا ۔ اس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد 2 مئی 2016 کو رکھا گیا تھا ۔ اس پراجیکٹ سے صنعتی اور حیدرآباد و دوسرے کئی اضلاع کی پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل بھی ممکن ہوسکے گی ۔ یہ پراجیکٹ بہت بڑا ہے اور اس کیلئے تین بیاریجس اور 19 ذخائر آب تعمیر کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد پانی کا ذخیرہ کرنا ہے اور اسے سال بھر استعمال میں لانا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یہ ملک بھر میں سب سے بڑا لفٹ اریگیشن اسکیم پراجیکٹ ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کی ایک دورہ کنندہ ٹیم کو بتایا کہ یہ 520 میٹر لفٹ اریگیشن اسکیم ہے انہوں نے کہا کہ 142 ٹی ایم سی گنجائش والے 19 ذخائر آب تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں دریائے گوداوری پر تین بیاریجس تعمیر کئے جا رہے ہیں تاکہ سال بھر پانی دستیاب ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی سے کسانوں ‘ مچھیروں کو فائدہ ہوگا اس کے علاوہ زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کالیشورم تلنگانہ کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا منصوبہ ہے کہ ریاست میں جملہ ایک کروڑ ایکڑ اراضیات کو سیراب کیا جاسکے ۔ اس کیلئے ضروری آلات کو چھ ممالک سے لایا جا رہا ہے ۔