دربھنگہ ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج ایک خانگی کالج کے پرنسپل کی رہائش گاہ سے 25 لاکھ روپئے ضبط کئے اور انہیں گرفتار کرلیا۔ یہ واقعہ بہار کے دربھنگہ ضلع کے بیٹاچوک میں پیش آیا۔ خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم نے ڈاکٹر ذاکر حسین ٹیچرس ٹریننگ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم حسن کی رہائش گاہ پر دھاوا کیا
اور 25 لاکھ روپئے جو ہندوستانی اور بیرونی کرنسی میں تھے، ضبط کرلئے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیو مشرا نے یہ بات بتائی۔ خطیر رقم کے بارے میں اطمینان بخش جواب نہ دینے پر پولیس نے انہیں پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔ مشرا نے کہا کہ پرنسپل کی رہائش گاہ پر دھاوے کے دوران الیکشن کمیشن کے مبصر برائے دربھنگہ پارلیمانی نشست بھی موجود تھے۔ اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے انکم ٹیکس محکمہ کے افسران سے بھی شمولیت کی درخواست کی گئی ہے۔