کالا دھن پر 50 فیصد ٹیکس حکومت کی تجویز

نئی دہلی ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) کالا دھن رکھنے والوں کو ایک اور راستہ فراہم کرتے ہوئے حکومت نے آج تجویز پیش کی ہے کہ کرنسی بند کرنے کے اعلان کے بعد جمع کی جانے والی رقم کا 50 فیصد مجموعی ٹیکس، جرمانہ اور سرچارج کے طورپر وصول کیا جائے۔ کالا دھن کے ساتھ اگر کوئی گرفتار ہو تو پھر 85 فیصد رقم بطور جرمانہ وصول کی جائے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 500 اور 1000 روپئے کی کرنسی بند کرنے کے تقریباً تین ہفتے بعد وزیرفینانس ارون جیٹلی نے انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کی ایک بل متعارف کی ہے ۔ اس میں کالا دھن کا اعلان کرنے والوں کیلئے لازمی طورپر اپنی رقم کا 25 فیصد انسداد غربت اسکیم کے لئے جمع کرانا ضروری ہوگا ۔ اور اس پر کوئی سود بھی نہیں ہوگا اور یہ رقم چار سال تک زیراستعمال رہے گی ۔ ایسے لوگ جو پردھان  منتری غریب کلیان یوجنا 2017 کے تحت جمع کالا دھن جو ممنوعہ 500 اور 1000 روپئے کرنسی کی شکل میں ہو اُنھیں انکشاف نہیں کی گئی اس آمدنی کا 30 فیصد شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ ٹیکس کی 33 فیصد شرح کے مطابق 10 فیصد اضافی سیس عائد کیا جائے گا ۔