کالا دھن مسئلہ پر مودی کو کجریوال کا چیالنج

روہتک(ہریانہ) 23فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کردیا اور پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے نریندر مودی کو یہ چیالنج کیا کہ وہ وزیراعظم بننے کی صورت میں اپنے صنعت کار دوستوں کامبینہ طور پر بیرون ملک جمع کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کریں۔انہوں نے نریندر مودی اور راہول گاندھی کو کرپشن کے مسئلہ پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں سرکردہ صنعتکاروں کی تائید و حمایت کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت خواہ وہ نریندر مودی کو ہو یا راہول گاندھی کی اسے سرکردہ تاجر مکیش امبانی چلاتے ہیں ۔اروند کجریوال نے آبائی ریاست ہریانہ سے اپنی انتخابی مہم شروع کی ۔انہوں نے بحیثیت چیف منسٹر دہلی 14فبروری کو استعفی دے دیا تھا ۔ اس کے بعد پہلی مرتبہ انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ عام آدمی پارٹی تقریباً 300لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔