کالا دھن بے نقاب کرنے کیلئے بل کو کابینہ کی منظوری

نئی دہلی ۔ 17 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بیرون ملک جمع کالا دھن اور غیر قانونی اثاثہ جات بے نقاب کرنے کے مقصد سے مرکزی کابینہ نے آج ایک بل کو منظوری دیدی۔ اس بل میں ان جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کیلئے قانونی چارہ جوئی اور سخت سزاؤں جیسے 10 سال قید بامشقت کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کابینہ نے غیر منکشفہ بیرونی آمدنی و اثاثہ جات (نئے ٹیکس کا نفاذ) بل 2015 کو منظوری دیدی۔ نئے بل میں جس کا بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا ، یہ جرم ناقابل معافی ہوگا اور مجرم کو سیٹلمنٹ کمیشن سے رجوع ہونے کی اجازت نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ جو آمدنی اور اثاثہ جات مخفی رکھے گئے تھے، ان پر 300 فیصد شرح کا ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح غیر ملکی اثاثہ جات کے انکشاف سے گریز اور انکم ٹیکس ریٹرنس کے عدم ادخال کی صورت میں سات سال قید بامشقت کی کی گنجائش رہے گی۔ بیرونی اثاثہ جات سے متعلق تفصیلات نہ بتانے اور آمدنی و اثاثوں کو مخفی رکھنے پر قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے 10 سال قید بامشقت کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ چونکہ یہ رقمی بل ہے اسی لئے صدر جمہوریہ کی توثیق کے بعد لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔