نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہاکہ کالا دھن کو جو بیرونی ممالک میں جمع ہے، وطن واپس لانے کیلئے کسی قطعی تاریخ کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ بیرون ملک ہندوستانیوں کی جانب سے جمع کردہ دولت کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں جن کی وجہ سے یہ افراد ٹیکس، جرمانوں کی ادائیگی اور مناسب معاملات میں مقدمے دائر کرنے سے بچ گئے ہیں۔ تاہم وزیر مملکت برائے فینانس جینت سنہا نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کیلئے یہ ممکن نہیں ہے کہ کالے دھن کو وطن واپس لانے کی کسی تاریخ کا تعین کرے۔ اُن سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا حکومت کالا دھن واپس لانے میں کامیاب ہوئی ہے، متعلقہ وزیر نے کہاکہ حکومت نے کالا دھن کے انسداد کیلئے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کئی اقدامات کئے ہیں۔ اِس سلسلہ میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی قائم کی گئی ہے۔ این ڈی اے حکومت کے منشور میں کالا دھن کی واپسی کا وعدہ ہے جس کے سبب اپوزیشن مسلسل دباؤ ڈال رہی ہے۔