کاش پرانے شہر کا دورہ اکثر ہوتا رہے

کے ٹی آر کے دورہ کے موقع پر صفائی کے انتظامات پر عوام کا تاثر

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) ’’کاش ریاستی وزراء اور خاص طور پر چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی راما راؤ روزانہ پرانے شہر کا دورہ کریں تاکہ پسماندہ علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات ہوں‘‘۔ پرانے شہر کے کشن باغ علاقہ میں پارک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے کے ٹی آر اور دیگر ریاستی وزراء کی آمد کے موقع پر مقامی عوام کو یہ تبصرہ کرتے ہوئے سنا گیا۔ کے ٹی آر کے دورہ کے سلسلہ میں تمام راستوں پر صفائی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ جگہ جگہ صفائی کا عملہ صبح کی اولین ساعتوں سے متحرک دیکھا گیا۔ راستوں پر موجود کچرے کے انبار جو کئی دن سے عوام کیلئے زحمت کا باعث بن چکے تھے، انہیں آج صبح ہٹادیا گیا ۔ کے ٹی آر کے دورہ کے راستہ پر موجود مجلس بلدیہ کے تمام ڈسٹ بین خالی تھے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی تھی کہ بلدیہ کا عملہ روزانہ پابندی سے کچرے کی نکاسی عمل میں لاتا ہے ۔ سڑک کی تعمیر و مرمت کے علاوہ دورہ میں شامل تمام علاقوں میں سفید پوڈر کا چھڑکاؤ کیا گیا ۔ مقامی عوام کا کہنا تھا کہ کئی دن بعد اس علاقہ کی قسمت جاگ اٹھی ہے۔ روزانہ جہاں کچرے کا ڈھیر ہوا کرتا تھا، آج وی آئی پی دورہ کے سبب صفائی کردی گئی۔ کشن باغ اطراف و اکناف کے علاقوں میں صفائی کے کاموں کیلئے دیگر علاقوں کے بلدی عملہ کو منتقل کردیا گیا۔ سڑک کے دونوں جانب جگہ جگہ خیرمقدمی پوسٹرس ، بیانرس اور فلیکسی لگائے گئے تھے، جن پر کے ٹی آر اور مقامی جماعت کے قائدین کی تصاویر تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عوامی مقامات پر فلیکسی اور بیانرس لگائے جانے پر کے ٹی آر نے سابق میں برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ملک پیٹ کے علاقہ میں ٹی آر ایس کارپوریٹر کو فلیکسی لگانے پر جرمانہ کیا گیا لیکن پرانے شہر کے اس علاقہ میں کے ٹی آر خاموش رہے اور انہوں نے کوئی اعتراض نہیں جتایا ۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ کل سے صورتحال جوں کی توں بحال ہوجائے گی اور دوبارہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دینے لگیں گے۔ دورہ کے علاقہ کو چھوڑ کر اطراف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے کوئی انتظامات نہیں تھے۔ عوام یہ کہنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ کاش وی آئی پی شخصیتیں روزانہ پرانے شہر کے کسی علاقہ کا دورہ کریں تاکہ صفائی کے انتظامات سے عوام کو کسی قدر راحت ملے۔