کاش! پتاجی زندہ ہوتے : سنجے دت

پونے ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ ایکٹر سنجے دت جو اس وقت یروڈا جیل میں قید ہیں، نے کہا کہ اس وقت ملک میں انتخابی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں، جہاں ہر طرف صرف الیکشن کے ہی چرچے ہیں۔ ایسے موقع پر انہیں وہ زمانہ یاد آتا ہے جب آنجہانی پتاجی (سنیل دت) ممبئی میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے تو اس وقت بالی ووڈ کے تمام بڑے اداکار پتاجی کے ساتھ ان کی مہم میں شامل ہوگئے تھے۔

آنجہانی راجندر کمارجی، شمی کپورجی، رشی کپور، کمار گورو سب کے سب لاریوں میں بیٹھ کر باندرہ اور دیگر علاقوں میں الیکشن مہم چلانے میں پیش پیش تھے۔ کاش! پتاجی اس وقت زندہ ہوتے تو وہ یقیناً انتخابات میں حصہ لیتے اور ضرور کامیاب ہوتے کیونکہ ممبئی میں سنیل دت کے چاہنے والوں کی کمی نہیں ہے۔ بہرحال پریہ (پریہ دت) بھی اپنے پتاجی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کررہی ہے اور میری دعا ہے کہ اس بار بھی اسے نمایاں کامیابی ملے۔