کاشتکاروں اور مزدوروں کا دہلی میں جلسہ عام حکومت پر عوام دشمن ہونے کا الزام

نئی دہلی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک گیر سطح سے ہزاروں کاشتکاروں اور مزدوروں نے ایک زبردست احتجاجی جلسہ عام آج قومی دارالحکومت میں منعقد کرتے ہوئے مودی حکومت پر عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے زرعی پیداوار کی اعلیٰ تر قیمتوں، قرضہ جات کی معافی اور بہتر اجرتوں کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین پلے کارڈس اٹھائے ہوئے تھے اور حکومت مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے رام لیلا میدان سے وسطی دہلی میں پارلیمنٹ تک جلوس کی شکل میں جارہے تھے۔ انہوں نے برسراقتدار بی جے پی کو انتباہ دیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اسے اپنی عوام دشمن پالیسیوں کی بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اگر وہ محروم عوام کے مطالبات کو نظرانداز کرے مزدور کسان سنگھرش ریالی کا اہتمام، سی آئی ٹی یو، اے آئی کے ایف اور اے آئی اے ایم یو نے کیا تھا۔ انہوں نے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے اقل ترین اجرت 18000 روپئے مقرر کرنے اور جب بھی حصول اراضی کا سلسلہ ختم کرنے اور قوانین محنت میں ترمیم کا مطالبہ کیا ہے۔