کار کے نشان سے مشابہ دیگر نشانات ’ فری سمبل ‘ کی فہرست سے حذف

الیکشن کمیشن کے اقدام کا ٹی آر ایس کی جانب سے خیر مقدم ، وزیر صحت و طبابت ایٹالہ راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کا زبردست خیر مقدم کیا ہے ۔ کار کے نشان سے مشابہ دیگر نشانات کو فری سمبل فہرست سے ہٹانے الیکشن کمیشن نے اقدام کیا ہے اور اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس تازہ اقدام سے ٹی آر ایس کے امیدواروں کو فائدہ ہوگا ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کار کے نشان سے مشابہ نشانات سے ٹی آر ایس کو نقصانات کا سامنا تھا ۔ چونکہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کار کے نشان سے مشابہ دیگر نشانات کے سبب ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی خصوصی ہدایت پر الیکشن کمیشن سے مسلسل نمائندگی کی گئی اور ٹی آر ایس کو کار کے نشان سے مشابہ نشانات سے ہورہے نقصانات کی تفصیلات بتائی گئی ۔ ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ پارٹی سربراہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر رکن پارلیمنٹ مسٹر ونود کمار نے جدوجہد کرتے ہوئے بالآخر اس ضمن میں کامیابی حاصل کی اور الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کردی ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے اعتراض پر اقدام کیا ۔ اور فری سمبل فہرست میں سے ٹرک ۔ استری کے نشانات کو ہٹا دیا گیا ۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ اب ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو کوئی روک نہیں سکتا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس ریاست کے 16 لوک سبھا حلقوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ یکم مارچ سے مہم کا آغاز ہوگا اور کریم نگر سے اس کی شروعات ہوگی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کریم نگر کا حلقہ ٹی آر ایس کے لیے کافی جذباتی اہمیت کا حامل ہے ۔ 7 اسمبلی حلقوں سے 25 ہزار کارکنان اس پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 16 لوک سبھا حلقوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی کی طاقت ٹی آر ایس رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مطالبات کی یکسوئی کے لیے مرکز میں ہلچل پیدا کرنا ضروری ہے ۔ اس موقع پر مسٹر ونود کمار رکن پارلیمنٹ مسٹر جی کشن رکن اسمبلی موجود تھے ۔۔