زائد اکثریت سے ذمہ داریوں میں اضافہ ، رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی کی تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 27۔ مئی (سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں کار کے مماثل انتخابی نشان کی موجودگی کے باعث ٹی آر ایس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سنگا ریڈی میں رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں ٹی آر ایس کی شکست کا کوئی امکان نہیں تھا ۔ انتخابی میدان میں موجود ایک امیدوار کو الیکشن کمیشن نے روڈ رولر انتخابی نشان الاٹ کیا جو کہ کار کے انتخابی نشان سے مماثل ہے۔ رائے دہندوں کو یکساں طور پر دو انتخابی نشانات سے الجھن کا سامنا کرنا پڑا اور ٹی آر ایس کے ووٹ روڈ رولر انتخابی نشان کو منتقل ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹوں کی اکثریت سے ذمہ داری میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے نو منتخب رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ بھاری اکثریت سے کامیابی کے لئے عوام کی بہتر خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ تہنیتی تقریب میں سابق رکن اسمبلی چنتا پربھاکر ، سابق رکن کونسل ست نارائن اور دوسروں نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ قائدین کی ذمہ داری ہے وہ کارکنوں کے مسائل پر توجہ دیں۔ پربھاکر ریڈی ہفتہ میں دو دن سنگا ریڈی میں کارکنوں اور قائدین کیلئے دستیاب رہیں گے۔ پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل آوری کا جلد آغاز ہوگا۔ کسانوں کو فصل بیمہ کے طور پر 500 روپئے ، ضعیفوں کے وظائف میں اضافہ اور بیروزگاروں کو ماہانہ بھتہ جیسی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔