کار مالک کا کتّا کار لے اُڑا ، حادثہ سے دوچار

نیویارک ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کیا کتے بھی ڈرائیونگ کرسکتے ہیں ؟ جواب تو نفی میں ہوگا لیکن یہاں ایک شرارتی کتا اپنے مالک کی کار میں سوار ہوکر کار کو سڑک پر لے آیا اور وہاں ایک دیگر کار کو ٹکر دیدی ۔ اطلاعات کے مطابق اسپوکین نامی علاقے جیسن مارٹینز نے بتایا کہ ایک اسٹور سے کچھ سامان خریدنے کے لئے اُس نے کار روکی اور اپنے کتے کو کار میں چھوڑکر اسٹور میں داخل ہوگیا لیکن پتہ نہیں کیسے اُس کے کتے ٹوبی نے نیوٹرل گیئر کو چھیڑ دیا اور گاڑی حرکت میں آگئی لیکن کار نے جیسے ہی سڑک پر دوڑنا شروع کیا ، کتا گھبراگیا ۔ اپنے مالک کو اسٹیرنگ وہیل پر ٹوبی نے کئی بار دیکھا تھا لہذا اُس نے بھی اسٹیرنگ وہیل سنبھال لیا لیکن بالآخر کار ایک خاتون کی کار سے جا ٹکرائی جہاں حسن اتفاق سے کار کے صرف ٹائر کو نقصان پہنچا ۔

خاتون نے بعد ازاں کریم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُسے یہ دیکھ کر یقین ہی نہیں آیا کہ ایک کتا کار چلا رہا ہے ۔ میں نے جب غور سے دیکھا تو کار میں سوائے کتے کے اور کوئی نہیں تھا اور وہ اسٹیرنگ وھیل پر بیٹھے ہوئے کھڑکی سے یہاں وہاں دیکھ رہا تھا ۔ کتے کے مالک کو حادثہ کا پتہ اُس وقت چلا جب کسی نے اُسے اسٹور میں آکر بتایا کہ کسی کار کو حادثہ پیش آیا ہے جس پر مارٹینز نے اپنی گاڑی کی جانب دیکھا تو وہ وہاں سے غائب تھی ۔

کیا ہولاندے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ امریکہ کا دورہ کریں گے
واشنگٹن ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک اہم بیان کے مطابق فرانسیسی صدر فرینکوئی ہولاندے کے دورۂ امریکہ کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے باوجود اس کے کہ فرانس میں یہ افواہیں سرگرم ہیں کہ ہولاندے کے ایک ایکٹریس کے ساتھ تعلقات ہیں ۔ فرانس میں اب یہ چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ آئندہ ماہ جب صدر موصوف دورۂ امریکہ کے لئے روانہ ہوں گے تو کیا وہ اپنے ساتھ ’’نام نہاد خاتون اول ‘‘ یعنی اپنی طویل عرصہ کی گرل فرینڈ ویلری ٹریرویلر کو لیجائیں گے یا نہیں؟ دریں اثناء وائیٹ ہاؤس ترجمان جے کارنی نے کہاکہ صدر امریکہ اوباما کو آئندہ ماہ صدر ہولاندے کے دورہ کا بے چینی سے انتظار ہے کیونکہ امریکہ اور فرانس کے درمیان ہر سطح پر تعلقات ہمیشہ بہتر رہے ہیں اور مسٹر ہولاندے کے دورہ سے اس میں مزید استحکام پیدا ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ یاد رہے کہ قبل ازیں خود ہولاندے نے وضاحت کی تھی کہ وہ اپنے ساتھ وہ اپنی ’’گرل فرینڈ‘‘کو دورۂ امریکہ کیلئے لے جائیں گیا نہیں ، اس کا فیصلہ اُن کی روانگی کے وقت ہوگا ۔
؀ جانا جاتا ہے جبکہ پراگوے میں تیل کی پیداوار نہیں