کار سے ٹکر کے ذریعے وکیل کو ہلاک کرنے کی کوشش کا الزام

حیدرآباد ۔ /4 مارچ (سیاست نیوز) وکیل کو مبینہ طور پر کار کے ذریعہ ٹکر سے ہلاک کرنے کی ایک شکایت حبیب نگر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایڈوکیٹ ذوالفقار عالم ساکن آغا پورہ نے آج حبیب نگر پولیس اسٹیشن سے ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ آغا پورہ سہارا ٹراویلس کے مسٹر قدرت نے انہیں ٹاٹا اینووا کار سے ٹکر دیکر مبینہ طور پر ہلاک کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں شدید زدوکوب بھی کیا گیا بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ذوالفقار عالم نے سال 2006 ء میں آندھراپردیش ہائیکورٹ میں ایک رٹ درخواست داخل کی تھی جس میں انہوں نے یہ بتایا تھا کہ سہارا ٹراویلس سے تعلق رکھنے والی گاڑیاں غیرقانونی طور پر پارک کی جارہی ہیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

اس سلسلے میں ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک سنٹرل زون کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ نامپلی تا گھوڑے کی قبر مین روڈ پر غیرقانونی و غیر مجاز پارکنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں ۔ ہائیکورٹ کے ان احکامات کی خلاف ورزی کے باعث ذوالفقار عالم سہارا ٹراویلس سے تعلق رکھنے والی گاڑیوں کی تصویر کشی کررہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ مذکورہ ایڈوکیٹ نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے علاوہ گورنر آندھراپردیش ‘ چیف جسٹس ہائیکورٹ اور دیگر پولیس اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلے میں شکایت داخل کی ۔