نئی دہلی 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے 1999 کے کارگل تصادم کے دوران ہندوستانی مسلح افواج کے جذبہ ایثار و قربانی اور جراء ت و بہادری کی آج زبردست ستائش کی اور کہا کہ یہ جنگ صرف سرحد پر ہی نہیں لڑی گئی تھی بلکہ ہر گاوں اور ہر شہر نے اپنا حصہ ادا کیا۔ نریندر مودی نے آج منائے جانے والے ’کارگل یوم فتح‘ کے موقع پر اپنے ہفتہ وار ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ ’’کارگل میں ہمارا ہر ایک سپاہی خود کو اپنے 100 دشمنوں پر بھاری ثابت کر دکھایا ۔ میں ان بہادر سپاہیوں کو سلام کرتا ہوں جنہو ںنے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیا ۔ کارگل جنگ صرف سرحد پر ہی نہیں لڑی گئی تھی بلکہ ہر گاوں اور ہر شہر نے اپنا حصہ ادا کیا ہے‘‘۔ مودی نے کہا کہ ’’یہ جنگ ان ماوں اور بہنوں نے بھی لڑی ہے جن کے بیٹے اور بھائی میدان جنگ پر تھے ۔
یہ جنگ ان لڑکیوں نے بھی لڑکی ہے جو نئی نویلی دلہنیں تھیں‘ جن باپوں نے ان بیٹوں کو پیدا کیا تھا وہ خود کو نوجوان محسوس کررہے تھے اور وہ ننھے تھے جو ابھی اپنے باپ کی انگلی تھام کر صحیح طور پر چلنا بھی نہیں سیکھے تھے ۔ ان قربانیوں کی مرہون منت ہندوستان اپنا سر اٹھائے ہوئے دنیا کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے‘‘۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یوم کارگل ہمیں جذبہ ایثار ‘قربانی جراء ت و بہادری کی یاد دلاتا ہے ۔