نئے کام کی تلاش کیلئے دیگر دہلیز پر قدم رکھنے سرگرداں ، وجئے سائی ریڈی
حیدرآباد /22 مئی ( سیاست نیوز ) سینئیر قائد و رکن پارلیمان وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وجئے سائی ریڈی نے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگذار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور چندرا بابو کے دہلی ، کولکتہ اور بنگلور وغیرہ کے دوران پروگراموں کا مذاق اڑایا۔ ٹوئیٹر کے ذریعہ اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ آندھراپردیش میں ووٹوں کی گنتی کو بہرصورت روکوانے کیلئے مسٹر چندرا بابو نے اپنی تمام تر سازشیں کرنے کے باوجود انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ وی وی پیاٹس کی گنتی کے نام پر دو مرتبہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اس میں بھی ناکامی ہوئی ۔ اس کے باوجود خاموشی اختیار نہ کرتے ہوئے اپنے موقف بعض افراد کے ذریعہ آندھراپردیش ہائی کورٹ میں بھی ہنگامی نوعیت کی درخواستیں پیش کروائیں ۔ لیکن وہ تمام درخواستیں مسترد کردی گئیں ۔ مسٹر وجئے سائی ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد وہ سیاسی بے روزگار ہوجائیں گے ۔ لہذا اب نئے کام کیلئے ہر ایک کی دہلیز پر قدم رکھ رہے ہیں۔ لیکن انہیں روزگار فراہم کرنے کے موقف میں کوئی بھی نہیں ہیں ۔