کارگذار چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر تلگودیشم پارٹی سے خوفزدہ : ایس وینکٹ ویریا

حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی صرف اور صرف تلگودیشم پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہوسکے گی کیونکہ تلگودیشم پارٹی اپنی ایک منفرد طاقت رکھتی ہے۔ اس بات کا اظہار نائب صدر قومی تلگودیشم پارٹی و سابق رکن اسمبلی مسٹر ایس وینکٹ ویریا نے کیا اور بتایا کہ تلگودیشم کے نام سے ہی کارگزار چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نہ صرف خوفزدہ و گھبرا رہے ہیں بلکہ امکانی شکست سے کانپ رہے ہیں۔ انہوں نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و کارگزار چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ذہنی توازن کھو کر قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر شخصی حملے کرکے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ مسٹر ایس وینکٹ ویریا نے پرزور الفاظ میں کہا کہ جمہوریت میں اصول پسندی کے ذریعہ تنقیدیں کی جاسکتی ہیں لیکن اپنے ہی دیگر ریاست کے ہم منصب یعنی چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف حاسدانہ و انتقامانہ انداز اختیار کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چندرشیکھر راؤ کی خاندانی حکومت کا خاتمہ ریاست تلنگانہ میں یقینی ہے کیونکہ تلنگانہ کے عوام صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و کارگزار چیف منسٹر کی زیرقیادت حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں اور موجودہ تلنگانہ حکومت پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے جس کے پیش نظر تلنگانہ عوام نے آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے قبل از وقت اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بہتر سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ایس وینکٹ ویریا نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے تعلق سے غیرشائستہ الفاظ کا استعمال کرنے کے خلاف مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو سخت انتباہ دیا۔