کارکن ترپتی دیسائی کی درگاہ حضرت حاجی علی شاہ پر حاضری

ممبئی 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کارکن ترپتی دیسائی نے آج درگاہ حضرت حاجی علی شاہ پر حاضری دی اور انہوں نے درگاہ کے ٹرسٹیز سے اپیل کی کہ وہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل نہ کریں۔ ہائیکورٹ نے درگاہ کے اصل مقام پر خواتین کے داخلہ پر امتناع برخواست کردیا تھا ۔ دیسائی نے مہاراشٹرا کی دو اہم منادر کے اندر بھی خواتین کے داخلہ کیلئے جدوجہد کی قیادت کی تھی ۔ انہوں نے آج درگاہ حاجی علی کا دورہ کیا تاہم وہ درگاہ کے اندر کے حصے میں نہیں گئیں۔ دو دن قبل ہائیکورٹ نے درگاہ کے اندرونی حصے میں خواتین کے داخلہ پر پابندی برخواست کردی تھی تاہم اپنے فیصلے پر چھ ہفتوں تک حکم التوا جاری کیا تھا تاکہ درگاہ کا ٹرسٹ اگر چاہے تو سپریم کورٹ سے رجوع ہو ۔