کارپوریٹ ہاسپٹلس کی لوٹ اور من مانی کے خلاف کارروائی ضروری

کونسل میں محمد سلیم کی توجہ دہانی، وزیر صحت لکشما ریڈی نے کارروائی کا تیقن دیا

حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم اے کارپوریٹ ہاسپٹلس کی لوٹ اور من مانی کے خلاف کارروائی کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات کو بہتر بنانے اور ڈاکٹرس کی موجودگی کو یقینی بنانے کی مانگ کی۔ کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران سلم علاقوں میں بستی دواخانوں کے قیام سے متعلق سوال کے دوران محمد سلیم نے وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کی توجہ کارپوریٹ ہاسپٹلس کی من مانی اور غریبوں کے استحصال کی جانب مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہر سطح پر عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے حق میں ہیں یہی وجہ ہے کہ سلم علاقوں میں بستی دواخانوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا لیکن افسوس کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس غریبوں کا استحصال کررہے ہیں اور انہیں آروگیہ سری اسکیم کے تحت علاج سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس میں مہنگے علاج کے سبب غریب ان دواخانوں میں علاج سے محروم ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ اکثر و بیشتر دیکھا گیا ہے کہ ادویات سے علاج ممکن ہونے کے باوجود آپریشن کرتے ہوئے لاکھوں روپئے کا بل بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں شہر کے 3 کارپوریٹ ہاسپٹلس کے نام لئے اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ہاسپٹلس کی جانچ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں جیسے عثمانیہ اور گاندھی میں بھی بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔ مریض بڑی تعداد میں سرکاری ہاسپٹل پہنچتے ہیں لیکن وہاں ڈاکٹرس دستیاب نہیں ہوتے۔ انہوں نے ڈاکٹرس کی قلت دور کرنے اور سلم علاقوں میں بہتر سہولتوں کے ساتھ ہاسپٹلس کے قیام کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد کے سلم علاقوں میں حکومت بستی دواخانوں کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پرائمری ہیلت کیر سرویسس کے ساتھ 45 بستی دواخانوں کے قیام کی تجویز ہے۔ آئندہ ماہ اپریل سے 17بستی دواخانے کام کرنا شروع کردیں گے جبکہ باقی دواخانوں کا آغاز آئندہ مالیاتی سال سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں آبادی میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے اور سلم علاقوں کے عوام کی طبی سہولتیں دیہی علاقوں سے ابتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بستی دواخانوں کیلئے کمیونٹی ہالس کا انتخاب کیا جائیگا اوران میں ایک ڈاکٹر، اسٹاف نرس اور سپورٹنگ اسٹاف ضروری ادویات اور معائنوں کی سہولت کے ساتھ دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے محمد سلیم کے سوال پر کہا کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس میں آروگیہ سری کی سہولت موجود ہے تاہم آپریشن کے سلسلہ میں شکایات ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں غریبوں کے ساتھ استحصال ہوگا حکومت کارروائی کرے گی۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ بستی دواخانے دہلی کی طرز پر قائم کئے جارہے ہیں لیکن ان میں مریضوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی اور علاج و ادویات مفت فراہم کی جائیں گے۔