کارپوریٹ کالجس کو بچانے کی تردید ‘ بورڈ آف انٹر میڈیٹ

حیدرآباد 5 نومبر ( این ایس ایس ) سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اشوک نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ بورڈ کی جانب سے ریاست میں کارپوریٹ کالجس کے مفادات کا تحفظ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ جن کالجس میں سرکاری ہدایات پر عمل نہیں کیا جائیگا ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے کالجس کو نوٹسیں بھی جا ری کی جا رہی ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ طلبا کو ہراسانی کرنے کا سلسلہ بند کریں اور اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے اس طرح کے کالجس کے انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی جائیگی اور ان کو ہدایت دی جائیگی کہ وہ طلبا پر دباؤ نہ ڈالیں۔