نئی دہلی 3 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کارپوریٹ جاسوسی کیس میں گرفتار کئے گئے تین ملزمین کو آج 17 مارچ تک عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ دہلی پولیس نے عدالت میں انہیں پیش کرتے ہوئے مزید تحویل کی درخواست نہیں کی تھی ۔ تین ملزمین لوکیش شرما ‘ جتیندر ناگپال اور وپن کمار کو آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا کیونکہ ان کی عدالتی تحویل کی معیاد ختم ہوگئی تھی ۔ چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ستیش کمار اروڑہ نے کہا کہ ملزمین کو عدالتی تحویل میں دیا جاتا ہے اور انہیں دوبارہ 17 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے ۔ عدالت میں پولیس نے ان ملزمین کو مزید پولیس حراست میں دینے کی درخواست پیش نہیں کی تھی جس کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس نے مزید چھ تا سات افراد سے پوچھ تاچھ کی تھی تاہم مزید کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے اس لئے ان کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔