کارپوریٹ جاسوسی کی تحقیقات کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ

نئی دہلی 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے راجیہ سبھا میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کارپوریٹ جاسوسی کا مسئلہ اُٹھایا اور اس کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ پٹرولیم اور ڈیفنس جیسی بڑی وزارتوں کے دستاویزات کے افشاء ہونے کے معاملہ پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن اور سرکاری بنچوں کے درمیان گرما گرم مباحث ہوئے۔ کانگریس نے الزام عائد کیاکہ اس حکومت کو کارپوریٹ ادارے ہی چلارہے ہیں اور حکمراں بی جے پی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی جاسوسی یو پی اے حکومت کے 10 سال کے دوران بھی تقریباً تمام محکموں میں ہوتی رہی ہے۔ وقفہ صفر کے دوران مسئلہ کو اُٹھاتے ہوئے کانگریس کے پرمود تیواری نے کہاکہ ایوان کو اس مسئلہ پر پارٹی سیاسی خطوط سے بالاتر ہوکر غور کرنا چاہئے اور اس مسئلہ کی تحقیقات کے لئے مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پر مشتمل جے پی سی تشکیل دی جانی چاہئے۔