کارپوریٹ جاسوسی: مزید دو افراد گرفتار

نئی دہلی 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کارپوریٹ جاسوسی کیس مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے جبکہ دہلی پولیس نے وزارت ماحولیات اور یو پی ایس سی کے مزید دو عہدیداروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ان دو اداروں سے کوئی سرکاری دستاویز چوری نہیں ہوا تھا ۔ کرائم برانچ عملہ کیلئے سب سے تشویش کی بات یہ رہی کہ دونوں نے ان سے کہا کہ وہ اس کاروبار میں گذشتہ 15 سال سے ملوث ہیں۔ پولیس نے کل رات جتیندر ناگپال ( 40 سال ) پرسنل سکریٹری برائے جوائنٹ سکریٹری وزارت ماحولیات اور 42 سالہ وپن کمار پی اے یو پی ایس سی رکن کو گرفتار کرلیا تھا ۔ وپن کمار وزارت پٹرولیم میں 1996 میں گریڈ ڈی کے اسٹینو گرافر کی حیثیت سے آیا تھا اور وہاں اس نے 2010 تک خدمات انجام دی تھیں۔ وہ وہاں سے سرقہ کردہ دستاویزات حاصل کیا کرتا تھا ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ( کرائم ) رویندر یادو نے یہ بات بتائی ۔ ناگپال بھی 1994 میں اسٹینو گرافر کی حیثیت سے وزارت قانون سے وابستہ ہوا تھا ۔ اس نے دو سال کا عرصہ وزارت کمیکلس و فرٹیلائزرس میں بھی کام کیا تھا ۔ وہ بھی اس کیس میں ملوث پایا گیا ہے ۔