پولیس خاموش تماشائی۔ شہر میں اجنبی افراد کی نقل و حرکت کے تناظر میں ایک اور واقعہ
حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں آج ایک اجنبی شخص پر حملہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ نہتے شخص پر لاٹھیوں سے حملہ کے اس واقعہ نے شمالی ہند کے واقعات کا منظر پیش کیا۔ تاہم ریاست تلنگانہ میں اجنبی افراد پر حملوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس ایسے واقعات کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کرنے میں ایسا لگتا ہے کہ عملاً ناکام ثابت ہورہی ہے۔ حالانکہ ریاستی پولیس کے سربراہ نے خود ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے قانون کا پاس و لحاظ رکھنے اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی درخواست کرتے ہوئے پولیس کی موجودگی اور کارروائی سے عوام کو بھروسہ دلایا تاہم اس واقعہ کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک کارپوریٹر نے اپنے حامیوں کے ساتھ اس اجنبی شخص پر حملہ کیا جس کی شناخت جاری ہے ۔ قانون کے نام پر قانون کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے باضابطہ اس سارے واقعہ کی ویڈیو تیار کی گئی اور اسے وائرل کردیا۔ اجنبی شخص کو نیم برہنہ حالت میں جانوروں سے بدتر حالت میں بھیڑ کے سامنے مارا پیٹا گیا جبکہ پولیس پہاڑی شریف بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ ریاست میں اجنبی افراد کی گشت بچوں کے اغوا اور ان کے سروں کو قلم کرنے والے افراد کی آمد کی افواہ کے بعد سے ریاست بھر میں سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ آج صبح پہاڑی شریف کے علاقہ مامڑ پلی میں ایک اجنبی شخص کی مشتبہ حالت میں گشت کے بعد اُسے پکڑ لیا گیا۔