کارپوریٹرس و عہدیداروں میں تال میل پر زور

مقررہ وقت میں کام مکمل کرلینے کی ہدایت : مئیر رام موہن کا اجلاس
حیدرآباد 26 فبروری ( آئی این این ) مئیر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں ‘ شجر کاری ‘ پینے کے پانی ‘ جھیلوں کی حفاظت اور کچرے کی نکاسی جیسے کام کرتے ہوئے کارپوریٹرس کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کارپوریٹرس کو بھی چاہئے کہ وہ ایک مقررہ وقت میں اپنے حلقہ جات کے تحت کاموں کو مکمل کروائیں۔ مئیر حیدرآباد نے کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘چیف انجینئر کے سریش ‘ زونل کمشنر ( ایسٹ  زون ) سی این رگھو پرساد ‘ ڈپٹی کمشنر ( اپل ) وجئے کرشنا اور دوسرے سینئر عہدیداروں اور اپل سرکل کے کارپوریٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ایسٹ زون سے متعلق مختلف بلدی کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔ مئیر حیدرآباد نے کارپوریٹرس سے اپیل کی کہ وہ ریسیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر بلدی مسائل کے حل کیلئے کام کریںاور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے کام میں بھی بلدیہ کے متعلقہ عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔ بی رام موہن نے ایسٹ زون کے سینئر عہدیداروں اور اپل سرکل کے کارپوریٹرس سے اپیل کی کہ وہ ایک سمر ایکشن پلان تیار کریں جس میں پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے اور خاص طور پر جہاں ضروری ہو پانی کے ٹینکرس فراہم کرنے پر توجہ دی جائے ۔ عہدیداروں اور کارپوریٹرس نے ممکنہ تعاون کا تیقن دیا ۔