کاروان امن بس سرویس منسوخ

سری نگر۔25 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر جموں کشمیر کے سری نگر سے کنٹرول لائن کے اس پار پاکستان کے مقبوضہ مظفر آباد کے درمیان چلنے والی کارواں امن بس سرویس آج منسوخ کردی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ کنٹرول لائن کے اس پار محمد علی جناح کے یوم پیدائش پروگرام کی وجہ سے بس سرویس منسوخ کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کے مقبوضہ علاقے سے پیغام ملنے کی وجہ سرویس منسوخ کی گئی ہے ۔ آج یہاں سے روانہ ہونے والے مسافروں کو آئندہ ہفتے بھیجا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک کی تقسیم کے بعد ہندستان پاکستان کے درمیان اعتماد سازی اقدامات (سی بی ایم ) کے تحت 2005 ء میں یہ بس سرویس شروع کی گئی تھی۔ اس سے پی او کے اور جموں و کشمیر کے ان خاندانوں کو آپس میں ملنے میں مدد ملی جو 1947 ء کے بعد سے بچھڑ گئے تھے ۔