کاروان اسمبلی حلقہ میں انتخابی دھاندلیوں کا اندیشہ

82 ہزار سے زائد بوگس رائے دہندوں کو حذف کرنے کانگریس کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : کانگریس نے کاروان اسمبلی حلقہ میں بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلیوں کے اندیشوں کا اظہار کیا اور انکشاف کیا کہ کاروان اسمبلی حلقہ میں 82 ہزار 562 ایسے ووٹرس کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل ہیں جو یا تو مر چکے ہیں یا پھر اس حلقے سے کسی اور مقام کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ مسٹر اتم کمار صدر کانگریس تلنگانہ اور جناب محمدعلی شبیر قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل کی ہدایت پر سکریٹری ٹی پر سی سی کاروان مسٹر افسر یوسف زئی اور مسٹر نرسمہا گوڑ نے آج مسٹر دانا کشور آئی اے ایس کو ایک یادداشت پیش کی جس میں بتایا گیا کہ 15 اسمبلی حلقوں سے ایک لاکھ ووٹرس کے نام حذف کئے گئے ہیں جن میں سے کاروان اسمبلی حلقہ سے 7048 ووٹ حاصل ہیں جب کہ کانگریس کے سروے کے مطابق 82 ہزار سے زائد نام حذف کئے جانے ہیں اگر اسے فوری حذف نہ کیا گیا تو آنے والے انتخابات میں بعض سیاسی جماعتیں ان بوگس ووٹوں کا استعمال کرسکتی ہیں اور الیکشن آزادانہ ، منصفانہ اور شفافیت کے ساتھ منعقد نہیں ہوسکتے ۔ ان قائدین نے الیکشن آف انڈیا کو بھی یادداشت کی نقل روانہ کی ہے ۔۔