نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا رشوت ستانی کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے آج ضمانت کی منظوری دی ہے۔ کارتی کو سی بی آئی نے 28 فروری کو گرفتار کیا تھا جب وہ دورہ برطانیہ کے بعد لندن سے چینائی واپس ہوئے تھے۔ اُنھیں 12 دن کے لئے عدالتی تحویل میں دیا گیا تھا جس کی مدت کل ختم ہوگئی تھی۔ جسٹس ایس پی گارگ نے کارتی کو ضمانت کے لئے 10 لاکھ روپئے کا مچلکہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور رہائی کے لئے یہ اضافی شرط عائد کی کہ ملک سے باہر روانگی سے قبل وزارت داخلہ سے اجازت حاصل کی جائے۔ ان کا پاسپورٹ پہلے ہی حکام کے پاس محفوظ ہے۔