کارتی چدمبرم کیخلاف ’لک آؤٹ سرکلر‘ برقرار

نئی دہلی۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے جاری لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) کو فی الحال منسوخ کرنے سے انکار کردیا ۔چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے آج سی بی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی دلائل سننے کے بعد کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی کا ایل او سی فی الحال خارج نہیں کیا جائے گا اور کارتی چدمبر م اگلے حکمنامے تک ملک سے باہر نہیں جائیں گے ۔ تشار مہتا نے کارتی سے گزشتہ دنوں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پوچھ گچھ سے متعلق رپورٹ ایک مہربند لفافے میں بنچ کو سونپی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے جاری ایل او سی ایک مناسب اقدام رہا۔ انہوں نے کہا کہ کارتی نے آئی این ایکس میڈیا میں ماریشس سے سرمایہ کاری کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی) کی منظوری کے عوض سروس ٹیکس وصول کیا تھا۔ اس دوران کارتی کی جانب سے کیس کی پیروی کر نے والے سینئر وکیل گوپال سبرامنیم نے دلیل دی کہ آئی این ایکس میڈیا میں ماریشس سے سرمایہ کاری کی منظوری کے لئے ان کے مؤکل انکوائری کا موضوع نہیں ہو سکتے ۔