کارتی چدمبرم عدالت میں پیش 14دن کی تحویل میں دینے سی بی آئی کی درخواست

نئی دہلی ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی بی آئی نے آج کارتی چدمبرم کو عدالت میں پیش کیا ‘ انہیں آئی نیکس میڈیا کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کی ایک روزہ تحویل ختم ہونے کے بعد دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ سی بی آئی نے انہیں 14دن کی تحویل میں دینے کی درخواست کی ۔ کارتی کو خصوصی جج سنیل رانا کے سامنے پیش کیا گیا جو آئی نیکس میڈیا کیس کی سماعت کررہی ہے ۔ ایجنسی نے مزید پوچھ گچھ کیلئے ان کی 14 دن کی تحویل کا مطالبہ کیا ۔ کارتی کی والدہ نلینی چدمبرم جو خود بھی ایک سینئر وکیل ہیں عدالت میں ان کے بازو بیٹھیں تھیں ۔ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشک سینو سنگھوئی کارتی کیلئے وکالت کرنیو الوں کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ سی بی آئی نے کل مزید پوچھ گچھ کیلئے کارتی کو 15دن کی تحویل میں دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ڈیوٹی مجسٹریٹ نے انہیں صرف ایک دن کیلئے پولیس تحویل میں دے دیا تھا ۔ کارتی کو کل چینائی ایئرپورٹ لندن سے واپسی کے بعد گرفتار کیا تھا ۔ ان کے خلاف گذشتہ سال 15مئی کو ایف آئی آر درج کیا گیا تھا ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بیرونی سرمایہ کاری پرموشن بورڈ میں بدعنوانیاں کی ہیں ۔ 2007ء میں 305 کروڑ روپئے کا بیرونی فنڈ وصول کیا ہے جب کہ اس دوران ان کے والد مرکزی وزیر فینانس تھے ۔