کاتالونیا کی برطرف حکومت کے ارکان، ہسپانوی عدالت میں

میڈرڈ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کاتالونیا کی برطرف حکومت کے ارکان اور علیحدگی پسند قانون ساز جمعرات کو میڈرڈ میں دو ہسپانوی عدالتوں میں اپنے خلاف بغاوت کے ممکنہ الزامات کا سامنا کرنے کے لئے پیش ہو رہے ہیں۔ممکنہ بغاوت کے الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت کے لئے کاتالونیا کے علیحدگی پسند قانون سازوں کو میڈرڈ کی عدالت میں حاضری دینا پڑ رہی ہے۔ اطالوی استغاثہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان قانون سازوں کو قید کی سزا دی جائے۔عدالت کی جانب سے 20 مقامی سیاستدانوں اور کاتالونیا کی علاقائی حکومت کے برطرف سربراہ کارلیس پوج ڈیمونٹ کو عدالت میں پیش ہونے کے احکامات دیئے گئے تھے۔ اسپین کے چیف پراسیکیوٹر نے ان افراد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 27 اکٹوبر کو کاتلان کی مقامی پارلیمان نے آزادی کا اعلان کر دیا تھا۔اس کے جواب میں اسپین کی مرکزی حکومت نے غیرعمومی کارروائی کرتے ہوئے کاتالونیا کا انتظام اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور کابینہ کو برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی پارلیمان تحلیل کر دی گئی تھی۔ اسپین کی حکومت نے یکم ؍دسمبر کو علاقائی انتخابات کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ہے۔جمعرات کو عدالتی پیشی کے موقع پر کاتالونیا کے علاقائی رہنما تو پیش ہوئے، تاہم کاتالونیا کے برطرف صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ عدالت میں نہیں پہنچے۔
پوج ڈیمونٹ اس وقت برسلز میں ہیں اور ان کے ساتھ ان کی سابقہ کابینہ کے چند ارکان بھی ہیں۔پوج ڈیمونٹ کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ برسلز ہی میں قیام کریں گے اور عدالتی سماعت کا حصہ نہیں بنیں گے، تاہم اس صورت میں ان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری ہو سکتے ہیں اور بیلجیم سے ان کی حوالگی کی درخواست کی جا سکتی ہے۔عدالت کی جانب سے کارلیس پوج ڈیمونٹ کی برطرف کابینہ کے 13 ارکان کے علاوہ پارلیمانی بورڈ کے چھ ارکان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔