نئی دہلی۔/9اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) طوفان ہدہد اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحل کی سمت پیشرفت کررہا ہے جبکہ کابینی معتمد اجیت سیٹھ نے آج سمندری طوفان کا سامنا کرنے کی دونوں ریاستوں میں تیاریوںکا جائزہ لیا۔ اجیت سیٹھ قومی بحران انتظامیہ کمیٹی کے صدرنشین بھی ہیں انہوں نے تمام مرکزی وزارتوں کے نمائندوں ، محکموں اورمتعلقہ ریاستی حکومت کے چیف سکریٹریز سے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کی تیاری کرلی جائے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ قومی آفات سماوی رد عمل فورس کی 5بٹالین جو ٹاملناڈو، آندھرا پردیش، اڈیشہ ، مغربی بنگال اور بہار میں تعینات ہے سخت چوکسی کی حالت میں رکھی گئی ہے۔ آندھرا پردیش میں 6 راحت رسانی اور بچاؤ ٹیمیں پہلے ہی سریکاکلم، وجیا نگرم، وشاکھاپٹنم اور مشرقی گوداوری میں تعینات کردی گئی ہیں۔ اڈیشہ میں 9 اور بہار میں 4 این ڈی آر ایف ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ جملہ 162کشتیاں اور 54 غوطہ خوری کے آلات سیلاب کی صورت میں بچاؤ کی کارروائی کے آلات متعلقہ ریاستوں کو روانہ کئے جارہے ہیں تاکہ سمندری طوفان ہدہد کی آمد پر کسی بھی ہنگامی صورتحال پیدا کرنے کی صورت میں اس سے نمٹا جاسکے۔ بھوبنیشور سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائیک نے وزیر دفاع ارون جیٹلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کو ریاستی انتظامیہ کی مدد کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی جائے کیونکہ سمندری طوفان ہدہد کی آمد پر راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں کیلئے فضائیہ کی مدد کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔