کابینی سب کمیٹی اجلاس میں کالجس میں مڈ ڈے میلس کا جائزہ

اکشے پاترا فاونڈیشن کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ، کڈیم سری ہری اور وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کابینی سب کمیٹی نے سرکاری جونیر و ڈگری کے علاوہ دوسرے تکنیکی کورس کے طلبہ کو بھی میڈ ڈے میل سربراہ کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا ۔ اکشے پاترا فاونڈیشن کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی قیادت میں آج سکریٹریٹ میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر ، ہریش راؤ ، اندرا کرن ریڈی اور جوگو رامنا نے دوسری مرتبہ ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے 31 اضلاع میں موجود تمام سرکاری انٹر ، ڈگری ، پالی ٹکنیک ، آئی ٹی آئی ، بی ایڈ ، ڈی ایڈ ، ماڈل جونیر کالجس میں میڈ ڈے میل کی سربراہی کے لیے درکار بنیادی سہولتیں فراہم کرلینے کی کابینی سب کمیٹی نے اکشے پاترا فاونڈیشن کو ہدایت دی ۔ اکشے پاترا فاونڈیشن نے طلبہ کو کھلائے جانے والے کھانے کو وزراء اور عہدیداروں کو کھلایا ۔ اکشے پاترا فاونڈیشن کے پبلک ریلیشن انچارج روی لوچن داس نے بتایا کہ گذشتہ 4 سال سے انا پورنا اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے جس کے خلاف ابھی تک کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ہے ۔ تلنگانہ میں کندی ، نارسنگی ، کتہ گوڑم ، ورنگل ، محبوب نگر میں ہمارے کچن موجود ہے ۔ مزید 6 کچن کا قیام عمل میں لایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے گورنمنٹ کالجس میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم پر عمل آوری کے لیے مینو اور اس کی قیمت پر مشتمل رپورٹ 6 اگست کو کابینی سب کمیٹی کے حوالے کی جائے گی ۔ اس رپورٹ کو کابینی سب کمیٹی چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کرے گی ۔ قطعی فیصلہ چیف منسٹر کریں گے ۔ کابینی سب کمیٹی نے اس اسکیم پر عمل آوری سے قبل ٹرائیل رن شروع کرنے کا اکشے پاترا فاونڈیشن کو مشورہ دیا جس سے فاونڈیشن نے اتفاق کیا ۔ جلد از جلد کچن کا قیام عمل میں لاتے ہوئے میڈ ڈے میل کی سربراہی پر تین چار دن میں رپورٹ دینے کا تیقن دیا ۔ اس اجلاس میں محکمہ تعلیم کی اسپیشل پرنسپل سکریٹری راجیو آر اچاریہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کمشنر نوین متل انٹر بورڈ کے سکریٹری اشوک ماڈل جونیر کالجس کے ڈائرکٹر ستیہ نارائن ریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔۔