حیدرآباد 20 ستمبر ( این ایس ایس ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ ریاستی کابینہ کی جانب سے خود کشی کرنے والے کسانوں کومعاوضہ میںاضافہ سے کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہوگا تلگودیشم لیڈر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاستی کابینہ ایسے فیصلے کرنے میں ناکام رہی جس سے عوام کی مدد ہوسکے ۔ تلگودیشم تلنگانہ کے قائدین کا ایک اجلاس دیاکر راؤ کی قیامگاہ پر منعقد ہوا ۔ تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا ‘ رکن اسمبلی ریونت ریڈی ‘ ایم نرسمہلو ‘ پیدی ریڈی رامچندر ریڈی اور دوسرے اجلاس میں شریک تھے ۔ دیاکر راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کو امید تھی کہ کابینہ میں ایسے فیصلے کئے جائیں گے جن کے نتیجہ میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات کو روکنے میں مدد مل سکے ۔ چیف منسٹر کیلئے یہ مناسب نہیں تھا کہ وہ کسانوں کیلئے معاوضہ میںاضافہ کرتے ۔ اس کے نتیجہ میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے قرض معاف کرنے فوری اقدام کریں۔